
ٹیکنالوجی کی معروف کمپنی سام سنگ امریکا میں جلد اپنا کریڈٹ کارڈ لانچ کرنے جا رہی ہے۔ یہ کارڈ برطانوی مالیاتی ادارے بارکلیز کے تعاون سے تیار کیا جا رہا ہے اور ویزا نیٹ ورک پر کام کرے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سام سنگ کا یہ قدم ایپل کارڈ کے مقابلے میں ایک نئی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو فی الحال گولڈمین ساکس کے ساتھ شراکت میں ماسٹر کارڈ نیٹ ورک پر دستیاب ہے۔ تاہم رپورٹس کے مطابق گولڈمین ساکس جلد ایپل کے ساتھ اپنا اشتراک ختم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
ذرائع کے مطابق سام سنگ اور بارکلیز کے درمیان معاہدہ حتمی مراحل میں ہے، اور سال کے اختتام تک باضابطہ اعلان متوقع ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ اقدام سام سنگ کی اس حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس کے تحت وہ امریکی صارفین کی مالیاتی سرگرمیوں میں اپنی موجودگی کو بڑھانا چاہتا ہے۔ دوسری جانب، بارکلیز اس شراکت کے ذریعے امریکا میں اپنی مالیاتی خدمات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سام سنگ مستقبل میں مزید مالیاتی سہولتیں متعارف کرانے کا ارادہ رکھتا ہے، جن میں ہائی ییلڈ سیونگز اکاؤنٹ، ڈیجیٹل پری پیڈ اکاؤنٹ، اور بائے ناؤ پے لیٹر جیسی سروسز شامل ہیں۔ ان سہولتوں میں بھی بارکلیز تکنیکی اور مالی معاونت فراہم کرے گا۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ سام سنگ اس سے قبل بھی مالیاتی شعبے میں قدم رکھ چکا ہے۔ 2020 میں کمپنی نے جنوبی کوریا میں ماسٹر کارڈ نیٹ ورک پر سام سنگ پے کارڈ متعارف کرایا تھا، جب کہ اسی سال برطانیہ میں بھی ایک ڈیجیٹل آن لائن کارڈ پیش کیا گیا۔ بعدازاں 2022 میں بھارت میں سام سنگ نے ایکسس بینک کے ساتھ شراکت میں کریڈٹ کارڈ لانچ کیا۔









