ٹیکس نیٹ میں توسیع: ہزاروں جیولرز ایف بی آر کی نظر میں

0
140
ٹیکس نیٹ میں توسیع: ہزاروں جیولرز ایف بی آر کی نظر میں

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے جیولری کے شعبے کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے بڑی پیش رفت کرتے ہوئے ملک بھر سے 60 ہزار سے زائد جیولرز کا ڈیٹا جمع کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، ملک بھر میں موجود جیولرز کی ایک بڑی تعداد ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ ہی نہیں، جبکہ جو رجسٹرڈ ہیں، ان میں سے بھی ایک محدود تعداد ٹیکس ریٹرن جمع کروا رہی ہے۔ دستیاب معلومات کے مطابق، 60 ہزار میں سے صرف 21 ہزار جیولرز رجسٹرڈ ہیں، جن میں سے تقریباً 10 ہزار 500 کے قریب کاروباری افراد نے ٹیکس ریٹرن جمع کروایا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کو شکایات موصول ہوئی تھیں کہ بعض جیولرز اپنی آمدنی حقیقت سے کم ظاہر کر رہے ہیں، جس پر ادارے نے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ پہلے مرحلے میں پنجاب کے مختلف شہروں، خصوصاً لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان سے 900 جیولرز کی فہرست مرتب کی گئی ہے، جن کی آمدنی، طرزِ زندگی اور کاروباری لین دین کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق، ایسے کاروباری افراد کو نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں جن کے گوشوارے ان کی دکانوں اور کاروباری سرگرمیوں سے مطابقت نہیں رکھتے۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ کسی کو غیر ضروری طور پر ہدف نہیں بنایا جائے گا، لیکن ٹیکس قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔

ادارے کے مطابق، ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کا عمل تمام شعبہ جات کے لیے یکساں ہے، اور شفافیت کے اصولوں کے تحت کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

Leave a reply