
ٹک ٹاک نے صارفین، بالخصوص کریٹیرز اور برانڈز، کے لیے “بلیٹن بورڈ” نامی نیا فیچر پیش کردیا ہے جس کا مقصد فالوورز تک اَپ ڈیٹس اور خصوصی مواد پہنچانے کا آسان طریقہ فراہم کرنا ہے۔ یہ فیچر فنکشن کے اعتبار سے انسٹاگرام کے براڈ کاسٹ چینلز سے ملتا جلتا ہے۔
نئے بلیٹن بورڈ میں صرف کریٹیر ہی پوسٹس کر سکیں گے، جبکہ فالوورز انہیں صرف ایموجیز کے ذریعے ری ایکٹ کر پائیں گے۔ کریٹیرز ٹیکسٹ، تصاویر اور ویڈیو سمیت مختلف فارمیٹس میں مواد شیئر کرسکتے ہیں۔
یہ سہولت اُن صارفین کے لیے دستیاب ہے جو کم از کم 18 سال کے ہوں اور جن کے فالوورز کی تعداد 50 ہزار یا اس سے زیادہ ہو۔ اس پلیٹ فارم کا مقصد کریٹیرز کو اپنے فالوورز تک خبریں، اَپ ڈیٹس اور خصوصی مواد پہنچانے کا الگ اور محفوظ راستہ دینا ہے۔ صارفین چاہیں تو عام پوسٹس یا اسٹوری کی بجائے اپنی معلومات براہِ راست بلیٹن بورڈ پر شیئر کرسکتے ہیں جو صرف اُن کے فالوورز کے لیے نظر آئے گی۔
یہ فیچر جون 2025 سے آزمائشی مراحل میں تھا، جسے اب باقاعدہ طور پر متعارف کرادیا گیا ہے۔ ٹک ٹاک کے مطابق بلیٹن بورڈ میں شیئر کیا جانے والا تمام مواد کمپنی کی کمیونٹی گائیڈلائنز کے مطابق ہونا ضروری ہے۔ کریٹیرز اپنے ان باکس کے ذریعے بلیٹن بورڈ قائم کرسکیں گے۔









