
لاہور سمیت پنجاب بھر میں ٹرانسپورٹرز نے آج حکومت کے مقرر کردہ بھاری ٹریفک جرمانوں کے خلاف مکمل پہیہ جام ہڑتال کردی۔
متحدہ ایکشن کمیٹی کے نمائندوں نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت فوری طور پر ٹریفک آرڈیننس 2025 واپس لے، کیونکہ اس کے تحت عائد کیے گئے بھاری جرمانے ٹرانسپورٹر برادری کے لیے ناقابلِ قبول ہیں۔
رہنماؤں نے واضح کیا کہ آرڈیننس کی واپسی تک پبلک ٹرانسپورٹ نہیں چلائی جائے گی۔ ہڑتال میں گڈز ٹرانسپورٹ، منی مزدا، لوڈر گاڑیاں اور رکشہ ڈرائیور بھی شامل ہیں، جس کے باعث انٹرا سٹی، بین الاضلاعی اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ معطل رہے گی۔
ٹرانسپورٹرز اور پنجاب حکومت کے درمیان مذاکرات کا پہلا مرحلہ بغیر نتیجہ ختم ہوگیا، جبکہ اگلے دور کے مذاکرات آج دوپہر 2 بجے طے پائے ہیں۔









