ٹرمپ کی پسپائی: یورپ پر ٹیرف لگانے کا فیصلہ مؤخر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گرین لینڈ سے متعلق تنازع پر یورپی ممالک پر ٹیرف عائد کرنے کی اپنی سابقہ دھمکی واپس لے لی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے بتایا کہ نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے کے ساتھ ان کی ملاقات مثبت رہی، جس کے نتیجے میں گرین لینڈ کے مستقبل سے متعلق ایک ممکنہ معاہدے کا ابتدائی خاکہ تیار کر لیا گیا ہے۔
ان کے مطابق اگر یہ معاہدہ عملی شکل اختیار کر لیتا ہے تو اس سے امریکا سمیت نیٹو کے تمام رکن ممالک کو فائدہ پہنچے گا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ اس عمل کو آگے بڑھانے کے لیے نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو، خصوصی نمائندہ اسٹیو وٹکوف اور دیگر اعلیٰ حکام مذاکرات کریں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ حالیہ پیش رفت کے باعث یورپی ممالک پر یکم فروری سے ممکنہ طور پر نافذ کیے جانے والے ٹیرف فی الحال لاگو نہیں کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل صدر ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ اگر یورپی ممالک گرین لینڈ پر امریکی مؤقف کی مخالفت کرتے ہیں تو ان پر تجارتی محصولات عائد کیے جائیں گے، تاہم یورپی قیادت نے اس بیان کو مسترد کر دیا تھا۔









