
اسلام آباد: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ کے لیے قائم ہونے والے بورڈ آف پیس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔ یہ بات دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے بتائی۔
ترجمان کے مطابق پاکستان کو بورڈ میں شمولیت کی باضابطہ دعوت موصول ہوئی ہے اور پاکستان غزہ میں امن و سلامتی کے لیے عالمی کوششوں میں اپنا فعال کردار جاری رکھے گا۔ پاکستان بین الاقوامی برادری کے ساتھ رابطے میں رہ کر غزہ میں پائیدار امن کے لیے تعاون کرے گا۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے اور پاکستان مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق، غزہ بورڈ آف پیس ٹرمپ کے امن منصوبے کا حصہ ہے، جو سکیورٹی، انسانی امداد اور تعمیر نو کے منصوبوں میں ہم آہنگی کے ساتھ فلسطینی اتھارٹی میں اصلاحات کی راہ بھی ہموار کرے گا۔









