ویمن ورلڈکپ 2025: انعامی رقم میں تاریخی اضافہ

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمن ون ڈے ورلڈکپ 2025 کے لیے انعامی رقم میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ نئے اعلان کے مطابق ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم 13.88 ملین امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے، جو گزشتہ ایڈیشن کے مقابلے میں تقریباً تین گنا زیادہ ہے۔
ورلڈکپ کی فاتح ٹیم کو 4.48 ملین ڈالر کی خطیر رقم دی جائے گی، جبکہ رنر اپ ٹیم کو 2.24 ملین ڈالر ملیں گے۔ سیمی فائنل میں شکست کھانے والی ہر ٹیم کو 1.12 ملین ڈالر ملیں گے۔
ٹورنامنٹ میں شریک ہر ٹیم کو 250,000 ڈالر بطور شرکت فیس دیے جائیں گے، جب کہ گروپ اسٹیج میں ہر فتح پر 34,314 ڈالر بطور انعام ملیں گے۔
مزید براں، پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر آنے والی ٹیموں کو 700,000 ڈالر، اور ساتویں و آٹھویں پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو 280,000 ڈالر کی رقم دی جائے گی۔
ویمنز ون ڈے ورلڈکپ 30 ستمبر 2025 سے بھارت اور سری لنکا میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا، جس میں دنیا بھر سے بہترین خواتین کرکٹ ٹیمیں شرکت کریں گی۔