
ویمنز ورلڈکپ 2025 میں جنوبی افریقا کی بیٹر تزمین برٹز نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ انہوں نے ایک کلینڈر ائیر میں سب سے زیادہ ون ڈے سنچریاں اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
انڈور میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی ٹیم 231 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ کیوی ٹیم کی جانب سے سوفی ڈیوائن نے 85 اور بروک ہالیدے نے 45 رنز بنائے۔
جواب میں جنوبی افریقی ٹیم نے ہدف 41ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ تزمین برٹز نے 101 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 15 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، جبکہ سونے لوس 83 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔
تزمین کی یہ اننگز نہ صرف میچ جتوانے میں اہم ثابت ہوئی بلکہ اس کے ساتھ ہی وہ ایک سال میں پانچ ون ڈے سنچریاں بنانے والی پہلی ویمن کرکٹر بن گئیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارت کی سمرتی مندھانا کے پاس تھا، جنہوں نے 2024 میں چار سنچریاں اسکور کی تھیں۔
تزمین برٹز کے کیریئر کی یہ ساتویں ون ڈے سنچری ہے، اور موجودہ ورلڈکپ میں ان کی کارکردگی کو شائقین اور ماہرین کرکٹ بھرپور سراہ رہے ہیں۔









