ویلنٹائن ڈے کا خاص تحفہ سابقہ محبوب کے نام جانور کا گوبر؟

0
28
ویلنٹائن ڈے کا خاص تحفہ سابقہ محبوب کے نام جانور کا گوبر؟

امریکہ کی ریاست میری لینڈ میں واقع ایک چڑیا گھر نے ویلنٹائن ڈے کے موقع پر ایک منفرد اور مزاحیہ فنڈ ریزنگ مہم متعارف کرائی ہے، جس میں لوگ 5 ڈالر کے عطیہ کےبدلے کسی بھی جانورکے فضلے کو اپنے سابقہ محبوب کے نام کیساتھ منسوب کرسکتے ہیں۔
چڑیا گھر نے اس مہم کا نام “ڈالرز فار ڈنگ” رکھا ہے، جس کا مقصد جانوروں کے فضلے کے بدلے چند ڈالرز جمع کرنا ہے۔ عطیہ دینے والے افراد کو ایک پی ڈی ایف سرٹیفکیٹ بھی فراہم کیا جائے گا، جسے وہ شیئر یا محفوظ کر سکتے ہیں۔
چڑیا گھر کی چیف آپریٹنگ آفیسر شینن براؤن کے مطابق یہ فنڈ ریزنگ مہم صرف تفریح کے لیے نہیں ہے بلکہ اس رقم کو جانوروں کی دیکھ بھال اور تحفظاتی منصوبوں کے لیے استعمال کیا جائے گا، چاہے وہ میری لینڈ میں ہوں یا دنیا کے دیگر حصوں میں۔
براؤن نے بتایا کہ یہ مہم گزشتہ سال بھی منعقد ہوئی تھی اور غیر معمولی پذیرائی حاصل کی تھی، جس کے نتیجے میں تقریباً 10 ہزار ڈالر جمع ہوئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہم نے دنیا کے 30 سے زائد ممالک میں لوگوں تک رسائی حاصل کی، اور صرف دو براعظم ایسے تھے جہاں عطیات موصول نہیں ہوئے۔
چڑیا گھر میں ایک ہزار سے زائد جانور موجود ہیں، جن میں خطرے سے دوچار اقسام جیسے پانامان گولڈن فراگ اور افریقی پینگوئن بھی شامل ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق اس سال بھی حاصل ہونے والی رقم انہی جانوروں کی دیکھ بھال اور تحفظ کے اقدامات میں استعمال کی جائے گی۔

Leave a reply