
اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے 27ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر مصدق ملک، رانا ثنااللہ، ریاض حسین پیرزادہ، عون چوہدری، شزرہ منصب اور قیصر احمد شیخ سمیت وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق وزیر قانون نے مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ اجلاس میں پیپلز پارٹی کی سفارشات پر بھی غور کیا گیا۔
ترمیم کے اہم نکات میں کمانڈر آف ڈیفنس فورسز کا نیا عہدہ متعارف کرانے کی تجویز شامل ہے، جو اطلاعات کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف کے پاس ہی ہوگا۔
مزید برآں، آئینی ترمیم میں وفاقی آئینی عدالت کے قیام، ہائی کورٹس کے ججز کی مشترکہ سینیارٹی لسٹ کی تشکیل اور سپریم جوڈیشل کمیشن کو یہ اختیار دینے کی شقیں شامل ہیں کہ وہ کسی جج کی رضامندی کے بغیر ہائی کورٹس یا ان کے علاقائی بنچز کے درمیان تبادلے کر سکے۔








