
اسلام آباد: وفاقی حکومت کے مختلف اداروں میں کام کرنے والی خواتین سے متعلق نئے اعداد و شمار سامنے آ گئے ہیں۔
سرکاری ریکارڈ کے مطابق وفاقی وزارتوں، ڈویژنوں، منسلک محکموں، ذیلی دفاتر اور آئینی اداروں میں مجموعی طور پر 31 ہزار 455 خواتین ملازمت کر رہی ہیں۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ 38 وفاقی وزارتوں اور ڈویژنوں میں کل 5 لاکھ 81 ہزار 581 ملازمین خدمات انجام دے رہے ہیں، جن میں 5 لاکھ 50 ہزار 126 مرد جبکہ 31 ہزار 455 خواتین شامل ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق وفاقی سرکاری ملازمتوں میں خواتین کا تناسب 5.83 فیصد بنتا ہے۔
خواتین کے لیے مختص 10 فیصد کوٹہ پر عملدرآمد کی صورتحال جانچنے کے لیے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام وزارتوں اور ڈویژنوں کو نیا مراسلہ جاری کر دیا ہے، جس میں تازہ ترین معلومات اور عملدرآمد سے متعلق رپورٹ طلب کی گئی ہے۔








