وسیم اکرم پاکستان سپر لیگ کے برانڈ ایمبیسڈر مقرر

0
82
وسیم اکرم پاکستان سپر لیگ کے برانڈ ایمبیسڈر مقرر

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا برانڈ ایمبیسڈر مقرر کر دیا ہے۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے اتوار کو لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پی ایس ایل کے اختتام کے بعد ملتان سلطانز کی نیلامی کی جائے گی اور پی ایس ایل 11 میں یہ ٹیم خود پی سی بی کے زیر انتظام ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی مینجمنٹ کا اعلان چند روز میں متوقع ہے اور علی ترین اگر نئی ٹیم کی بولی میں کامیاب ہوتے ہیں تو وہ ٹیم کے مالک بن سکتے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کے آغاز کی تاریخ 26 مارچ کی بجائے 23 مارچ پر غور کیا جا رہا ہے اور اس فیصلے پر تمام فرنچائز سے مشاورت کی جائے گی۔
وسیم اکرم پی ایس ایل کے دوران کام کریں گے اور 8 جنوری کو نئی ٹیموں کی نیلامی کے موقع پر بھی موجود رہیں گے۔ نقوی نے بتایا کہ دو نئی ٹیموں کے لیے 10 پارٹیوں نے کوالیفائی کیا ہے اور نیلامی اسلام آباد میں ہوگی۔
انہوں نے انڈر 19 اور شاہینز ٹیموں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں کے نامناسب رویے کے بارے میں آئی سی سی کو خط لکھا گیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت ہے کہ کھیل میں سیاست کی مداخلت نہیں ہونی چاہیے۔

Leave a reply