وزیرِاعظم کا عوام دوست اقدام: سیلاب متاثرہ علاقوں کے بجلی بل معاف

وفاقی حکومت نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے بجلی کے اگست 2025 کے بل معاف کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ جن صارفین نے یہ بل پہلے ہی ادا کر دیے ہیں، ان کی رقم واپس کی جائے گی یا آئندہ بلوں میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔
وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کی ہدایت پر فوری عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے تاکہ سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اگست کے بل وصول نہ کیے جائیں، اور جن صارفین نے بل جمع کرا دیے ہیں، انہیں یہ رقم واپس کی جائے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا، جس میں انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور مشکل وقت میں ان کے دکھوں کا ازالہ اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاملات طے پانے کے بعد متاثرہ علاقوں کے لیے مزید ریلیف پیکیج کا اعلان کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جب تک متاثرہ خاندان اپنے گھروں کو واپس نہیں چلے جاتے، حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی۔








