
اسلام آباد: پاکستان اور افغانستان کی سرحدی کشیدگی اور بین الاقوامی سطح پر ایران کے ساتھ بڑھتے ہوئے تنازعات کے پیش نظر، وزیراعظم ہاؤس میں سیاسی جماعتوں اور اراکین پارلیمنٹ کو ان کیمرا بریفنگ دی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق بریفنگ میں پارلیمانی رہنماؤں اور سیاسی قیادت کو دفتر خارجہ کے حکام نے خطے کی موجودہ صورتحال پر معلومات فراہم کیں جبکہ سکیورٹی حکام نے ایران اور اسرائیل کے تنازع اور پاک افغان سرحد کی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں پاکستان تحریک انصاف کے اراکین شریک نہیں ہوئے، جبکہ پیپلز پارٹی، جے یو آئی ف، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور بلوچستان عوامی پارٹی کے اراکین شامل ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ عمران خان سے ملاقات تک کسی حکومتی اجلاس یا بریفنگ میں حصہ نہیں لیں گے۔








