
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے امور پر آج وزیراعظم ہاؤس میں اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں شرکاء کو وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے اسٹریٹجک منصوبوں اور اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کم آمدنی والے افراد کے لیے سستی رہائش کی فراہمی اور ہاؤس فنانس کی سہولیات کو موثر انداز میں عوام تک پہنچانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور عوامی سہولیات کے معیار کو بہتر بنانے پر زور دیا۔
اجلاس میں تعمیرات کے شعبے کے لیے ٹیکس نظام میں اصلاحات، ہاؤس مورٹگیج کے قوانین پر تجاویز، اور کم آمدنی والے شہریوں کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ہاؤسنگ منصوبے زیر غور آئے۔ اس کے علاوہ رئیل اسٹیٹ اور ہاؤسنگ کے شعبے میں ضابطہ کار کے نفاذ کے لیے ریئل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کی بھی سفارش کی گئی۔
ہاؤس فنانس کے شعبے میں وزارت خزانہ، ایف بی آر، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن اور صوبائی وزارت ہاؤسنگ کے تعاون سے اقدامات جاری ہیں تاکہ ریئل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ کے ذریعے سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض پیرزادہ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی روابط رانا ثناء اللہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔









