
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے مستحق خاندانوں کے لیے 38 ارب روپے کا رمضان ریلیف پیکج جاری کر دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت تقریباً 1.21 کروڑ خاندانوں کو فی خاندان 13 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں رمضان ریلیف یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے دیا جاتا تھا، لیکن اس نظام میں معیار اور سہولت کے مسائل تھے۔ اسی وجہ سے حکومت نے گزشتہ سال نقد ادائیگی کے جدید ڈیجیٹل نظام کو متعارف کرایا، جس کے ذریعے رقم براہِ راست مستحقین تک پہنچائی گئی۔
شہباز شریف نے بتایا کہ پچھلے سال 20 ارب روپے کی امداد شفاف طریقے سے فراہم کی گئی تھی، اور رواں سال یہ رقم بڑھا کر 38 ارب روپے کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رقم بینک اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے دی جائے گی تاکہ شفافیت اور آسانی یقینی بنائی جا سکے۔
وزیراعظم نے نئے نظام کے نفاذ میں درپیش چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ان پر کامیابی سے قابو پایا اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے خصوصی سیل بھی قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے اس اقدام کو قومی سطح پر بڑا ریلیف قرار دیا اور متعلقہ حکام کی محنت کو سراہا۔ وزیراعظم نے عزم ظاہر کیا کہ وہ خود باقاعدگی سے پروگرام کی پیش رفت کا جائزہ لیتے رہیں گے تاکہ موثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔









