وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

0
99

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان چین کے شہر تیانجن میں ملاقات ہوئی۔ یہ ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔

ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔ دونوں رہنماؤں نے پاک ایران تعلقات میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور سیاسی و اقتصادی روابط کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ یکجہتی کو دہرایا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان میں حالیہ سیلابی صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ایران مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے اور خطے میں امن و ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔

Leave a reply