
بھارتی فلم انڈسٹری کے دو معروف چہروں، وجے دیوراکونڈا اور رشمیکا مندانا نے منگنی کرلی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ سادہ تقریب 3 اکتوبر کو حیدرآباد میں وجے دیوراکونڈا کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی، جس میں صرف قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی۔
وجے اور رشمیکا کے درمیان قریبی تعلقات کی خبریں کئی برسوں سے منظرعام پر آتی رہی ہیں، تاہم اب اطلاعات ہیں کہ دونوں نے باضابطہ طور پر اپنی نئی زندگی کا آغاز کر دیا ہے۔
اگرچہ اس جوڑے کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان یا تصاویر جاری نہیں کی گئیں، مگر قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں آئندہ برس فروری میں شادی کے بندھن میں بندھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
وجے اور رشمیکا نے 2018 میں فلم “گیتھا گووندم” میں ایک ساتھ کام کیا تھا، جس کے بعد سے دونوں کے درمیان گہری دوستی دیکھی گئی۔ اس دوران کئی مواقع پر دونوں کو ایک ساتھ دیکھا بھی گیا، لیکن انہوں نے ہمیشہ اپنی دوستی کو نجی رکھا۔
فلمی حلقوں اور مداحوں کی جانب سے دونوں کے اس فیصلے کو خوشی سے سراہا جا رہا ہے، اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔