
واٹس ایپ نے صارفین کو غیر ضروری اور اسپام میسجز سے بچانے کے لیے ایک اہم تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔ اس نئی پالیسی کے تحت صارفین اور کاروباری اکاؤنٹس کے لیے ایسے نمبرز کو پیغامات بھیجنے کی ماہانہ حد مقرر کی جائے گی جن کی جانب سے کوئی جواب موصول نہ ہو۔
واٹس ایپ کے مطابق اگر کسی فرد کو پیغامات بھیجے جائیں اور وہ جواب نہ دے تو ان پیغامات کو ایک مخصوص حد میں شمار کیا جائے گا۔ تاہم، اگر مخاطب کی جانب سے کوئی جواب آ جائے تو وہ اس گنتی میں شامل نہیں ہوگا۔
یہ تبدیلی خاص طور پر اس وقت اہم ہو گئی ہے جب واٹس ایپ پر گروپس، کمیونٹیز اور بزنس میسجنگ جیسے فیچرز کے باعث صارفین کو روزانہ کی بنیاد پر بڑی تعداد میں پیغامات موصول ہوتے ہیں، جن میں اکثر اسپام میسجز بھی شامل ہوتے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد اسپام کی روک تھام ہے، اور زیادہ تر عام صارفین اس حد سے متاثر نہیں ہوں گے۔ جب کوئی صارف یا کاروباری اکاؤنٹ مقررہ حد کے قریب پہنچے گا، تو ایپ ایک اطلاع کے ذریعے آگاہ کرے گی تاکہ غیر ضروری پیغامات بھیجنے سے روکا جا سکے اور بلاک ہونے سے بچا جا سکے۔
یہ فیچر آنے والے ہفتوں میں مختلف ممالک میں آزمائشی طور پر متعارف کروایا جائے گا۔ اس وقت تک پیغامات کی حتمی حد واضح نہیں کی گئی، کیونکہ کمپنی مختلف نمبرز کی آزمائش کر رہی ہے۔









