
میٹا نے آن لائن فراڈ سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے واٹس ایپ، میسنجر، فیس بک اور انسٹاگرام پر نئے سیکیورٹی فیچرز متعارف کرائے ہیں۔
ان اقدامات کا مقصد صارفین کو اسکام اور دیگر آن لائن خطرات سے بچانا ہے، جو حساس معلومات حاصل کرنے کے لیے مختلف طریقے استعمال کرتے ہیں۔
واٹس ایپ میں اب اگر کوئی صارف کسی نامعلوم فرد کے ساتھ اسکرین شیئر کرنے کی کوشش کرے گا تو سیکیورٹی الرٹ جاری کیا جائے گا، تاکہ ذاتی یا مالی معلومات کے غلط استعمال سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب میسنجر میں مصنوعی ذہانت پر مبنی نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے، جو نئے کانٹیکٹس کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں اسکام کی نشاندہی کرے گا اور ممکنہ خطرے کی صورت میں صارف کو آگاہ کرے گا۔
میٹا کے مطابق یہ اقدامات صارفین کو فراڈ کی کوششوں سے بروقت خبردار کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں، تاکہ وہ اپنی معلومات کو محفوظ رکھ سکیں۔
رواں سال 2025 کے پہلے چھ ماہ کے دوران کمپنی نے مختلف ممالک میں اسکام سرگرمیوں سے منسلک تقریباً 80 لاکھ اکاؤنٹس کو حذف کیا۔









