
واٹس ایپ اپنے صارفین کے لیے اسٹیٹس شیئرنگ کو مزید محفوظ اور ذاتی بنانے پر کام کر رہا ہے۔ ایک نئی رپورٹ کے مطابق کمپنی اسٹیٹس اپ ڈیٹس کے لیے ایسے فیچرز متعارف کرانے کی تیاری میں ہے جن سے صارفین کو یہ طے کرنے میں زیادہ سہولت ملے گی کہ ان کا اسٹیٹس کون دیکھ سکتا ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ WABetaInfo کے مطابق، واٹس ایپ اس وقت دو نئے آپشنز پر کام کر رہا ہے، جن میں کلوز فرینڈز اور کسٹم لسٹس شامل ہیں۔ ان کا مقصد صارفین کو پرائیویسی پر مزید کنٹرول دینا ہے۔
یہ نیا فیچر واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں دیکھا گیا ہے، جہاں صارفین مختلف گروپس یا لسٹس بنا سکیں گے۔ مثال کے طور پر ایک لسٹ خاندان کے افراد کے لیے، دوسری دوستوں کے لیے اور تیسری دفتری ساتھیوں کے لیے تیار کی جا سکے گی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ہر کسٹم لسٹ کے لیے صارف نام کے ساتھ ایک ایموجی بھی منتخب کر سکیں گے، جس سے لسٹس کو پہچاننا مزید آسان ہو جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق کسی لسٹ میں تبدیلی صرف نیا اسٹیٹس پوسٹ کرتے وقت ہی ممکن ہوگی۔ اگر کسی صارف کو کسی لسٹ سے ہٹا دیا جائے تو وہ پہلے سے پوسٹ کیا گیا اسٹیٹس دیکھ سکے گا، مگر آئندہ اسٹیٹس اس کے لیے نظر نہیں آئیں گے۔
فی الحال یہ فیچر آزمائشی مرحلے میں ہے اور اس بارے میں کوئی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی کہ اسے تمام صارفین کے لیے کب متعارف کرایا جائے گا، تاہم ماہرین کے مطابق یہ فیچر واٹس ایپ کے پرائیویسی سسٹم کو مزید مضبوط بنا دے گا۔








