
آج کے دور میں آن لائن کام، ویڈیو اسٹریمنگ، اسمارٹ ٹی وی اور موبائل استعمال کے لیے تیز انٹرنیٹ ناگزیر بن چکا ہے۔ مگر اکثر ایسا ہوتا ہے کہ وائی فائی کی رفتار توقع کے مطابق نہیں ہوتی اور صارفین پریشانی کا شکار ہو جاتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ وائی فائی کی کمزور اسپیڈ کی وجہ انٹرنیٹ کمپنی نہیں بلکہ گھر میں موجود چند عام اشیا بھی ہو سکتی ہیں جو سگنلز میں رکاوٹ بنتی ہیں۔
ذیل میں ایسی 11 چیزوں کا ذکر کیا جا رہا ہے جو وائی فائی سگنلز کو متاثر کر سکتی ہیں:
1۔ گھریلو پودے
گھر کے اندر رکھے گئے پودے، خاص طور پر جن کی مٹی نم اور پتے موٹے ہوں، وائی فائی سگنلز کو جذب یا موڑ سکتے ہیں۔ چھوٹے گھروں میں زیادہ پودے ہونے کی صورت میں یہ مسئلہ نمایاں ہو جاتا ہے۔
2۔ مائیکرو ویو اوون
مائیکرو ویو اوون اور وائی فائی راؤٹر اکثر ایک ہی فریکوئنسی پر کام کرتے ہیں، جس کی وجہ سے اوون کے استعمال کے دوران وائی فائی عارضی طور پر سست ہو سکتا ہے۔
3۔ بلیو ٹوتھ ڈیوائسز
ہیڈفون، اسپیکر، گیم کنٹرولرز اور دیگر بلیو ٹوتھ آلات بھی 2.4 گیگا ہرٹز بینڈ استعمال کرتے ہیں، جس سے وائی فائی سگنلز میں مداخلت پیدا ہوتی ہے۔
4۔ اسمارٹ ہوم آلات
اسمارٹ بلب، وائس اسسٹنٹس، سکیورٹی کیمرے اور دیگر اسمارٹ ڈیوائسز جب ایک ہی راؤٹر سے جڑی ہوں تو بینڈوڈتھ پر دباؤ بڑھ جاتا ہے، جس سے اسپیڈ متاثر ہوتی ہے۔
5۔ کورڈ لیس فون
کچھ کورڈ لیس فونز وائی فائی کے لیے شدید رکاوٹ بن سکتے ہیں کیونکہ یہ زیادہ پاور کے ساتھ وہی فریکوئنسی استعمال کرتے ہیں جس پر وائی فائی کام کرتا ہے۔
6۔ بے بی مانیٹر
ویڈیو اور آڈیو فیچرز سے لیس ڈیجیٹل بے بی مانیٹرز بھی وائی فائی کی فریکوئنسی استعمال کرتے ہیں، جس کے باعث نیٹ ورک سست ہو سکتا ہے۔
7۔ بڑی دھاتی اشیا
فریج، گیزر، ہیٹر، دھاتی الماریاں اور دیگر بڑی دھاتی چیزیں وائی فائی سگنلز کو واپس پلٹا دیتی ہیں، جس سے بعض جگہوں پر سگنلز بالکل ختم ہو جاتے ہیں۔
8۔ آئینے
آئینوں پر موجود دھاتی تہہ وائی فائی لہروں کو منعکس کرتی ہے، جس سے سگنلز کی طاقت میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔
9۔ فش ایکوریم
پانی وائی فائی سگنلز کو جذب کرتا ہے، اس لیے بڑے فش ایکوریم خاص طور پر نمکین پانی والے ٹینک انٹرنیٹ کی رفتار متاثر کر سکتے ہیں۔
10۔ موٹی دیواریں
کنکریٹ یا سیمنٹ کی موٹی دیواریں وائی فائی کے لیے بڑی رکاوٹ ہیں، جبکہ لکڑی کی دیواروں سے نسبتاً کم اثر پڑتا ہے۔
11۔ پڑوسیوں کے وائی فائی نیٹ ورک
قریب موجود دیگر وائی فائی نیٹ ورکس، خاص طور پر رش کے اوقات میں، ایک ہی چینل استعمال کرنے کے باعث آپ کے انٹرنیٹ کو سست کر سکتے ہیں۔









