
اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کے ترسیلی نقصانات میں اضافے پر لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) پر 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق مالی سال 2022-23 کے دوران لیسکو کے ترسیلی نقصانات 11.88 فیصد سے بڑھ کر 15.92 فیصد تک پہنچ گئے۔ نیپرا نے اس حوالے سے لیسکو کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا، تاہم کمپنی جانب سے مقررہ مدت کے اندر کوئی اطمینان بخش جواب جمع نہیں کرایا گیا۔
ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق لیسکو کو تین ماہ سے زیادہ کا وقت دیا گیا، لیکن جواب نہ دینے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کمپنی نے ریگولیٹری اصولوں کی خلاف ورزی کو تسلیم کر لیا ہے۔
نیپرا نے حکم نامے میں واضح کیا کہ یہ کارروائی نیپرا (جرمانہ) ریگولیشنز 2021 کے تحت کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں، نیپرا نے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کو بھی وصولیوں میں بہتری کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔








