نیٹ فلکس کا نیا اقدام: اب ویڈیو گیمز ٹی وی پر کھیلیں

0
34

تفریحی اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس نے صارفین کے لیے ایک نئی سہولت متعارف کراتے ہوئے اپنی ویڈیو گیمز کو ٹی وی پر کھیلنے کا آپشن پیش کر دیا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین اپنے موبائل فون کو کنٹرولر کے طور پر استعمال کرتے ہوئے سمارٹ ٹی وی یا دیگر اسٹریمنگ ڈیوائسز پر گیمز کھیل سکتے ہیں۔

نیٹ فلکس نے ابتدائی طور پر چند مشہور گیمز کو اس فیچر کے تحت متعارف کرایا ہے جن میں بوگل پارٹی، ٹیٹرس ٹائم واؤرپ، پکشنری گیم نائٹ اور لیگو پارٹی شامل ہیں۔ صارفین کو گیم کھیلنے کے لیے اپنے موبائل فون سے ایک کیو آر کوڈ اسکین کرنا ہوگا، جس کے بعد فون کنٹرولر میں تبدیل ہو جائے گا۔

یہ نئی سہولت ان صارفین کے لیے متعارف کرائی گئی ہے جو اسمارٹ ٹی وی یا رُوکو جیسے ڈیوائسز رکھتے ہیں۔ اس سے پہلے نیٹ فلکس کی گیمز صرف موبائل ڈیوائسز پر دستیاب تھیں۔

نیٹ فلکس نے گیمز کے شعبے میں 2021 سے کام شروع کیا تھا، تاہم اب ٹی وی پر گیمز کی فراہمی کے ساتھ اس نے اپنی تفریحی خدمات کو مزید وسعت دے دی ہے۔ کمپنی اس شعبے کو مستقبل کی ترقی کا اہم حصہ سمجھتی ہے اور گیمز کی فراہمی کے لیے کلاؤڈ سسٹمز میں بھی سرمایہ کاری کر رہی ہے۔

اس اقدام کا مقصد نیٹ فلکس کو صرف فلموں اور ڈراموں تک محدود رکھنے کے بجائے ایک ہمہ گیر تفریحی پلیٹ فارم میں تبدیل کرنا ہے، جہاں صارفین نہ صرف دیکھ سکیں بلکہ کھیل بھی سکیں – وہ بھی گھر کی بڑی اسکرین پر اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ۔

پیش کیے جانے والے تمام گیمز فی الحال صارفین کے لیے مفت ہیں، جن میں وہ گیمز بھی شامل ہیں جو عام طور پر مارکیٹ میں قیمت کے ساتھ دستیاب ہوتے ہیں۔

Leave a reply