
کراچی میں جاری 35 ویں نیشنل گیمز میں قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے جیولن تھرو مقابلے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سونے کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔ ارشد ندیم نے 81.81 میٹر کی تھرو کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔
مقابلے میں واپڈا کے یاسر سلطان نے 70.77 میٹر کی تھرو کے ساتھ سلور میڈل جیتا جبکہ پاکستان آرمی کے ابرار علی نے 67.68 میٹر کی تھرو کے ساتھ کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ نیشنل گیمز نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اہم پلیٹ فارم ہیں جہاں سے مستقبل کے ایتھلیٹ سامنے آتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انجری کے بعد وہ مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں اور اس وقت خود پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ ارشد ندیم نے بتایا کہ وہ ہر ایونٹ میں مقابلے کے مطابق تھرو کرتے ہیں اور دیگر کھلاڑیوں کو بھی رہنمائی فراہم کرتے رہتے ہیں۔
ارشد ندیم نے اپنی کامیابی کا کریڈٹ سلمان بٹ کی کوچنگ کو دیا اور کہا کہ ان کی زندگی کی بڑی کامیابیاں اسی کوچنگ کے ذریعے حاصل ہوئیں۔









