نیتن یاہو کا دعویٰ: ایران کی جوہری اور میزائل صلاحیتیں شدید متاثر

0
59
نیتن یاہو کا دعویٰ: ایران کی جوہری اور میزائل صلاحیتیں شدید متاثر

اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے ایک لائیو میڈیا بریفنگ میں دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 20 روز سے جاری کشیدگی کے بعد ایران کی یورینیم افزودگی اور بیلسٹک میزائل بنانے کی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور امریکا خطے ہی نہیں بلکہ عالمی سلامتی کے لیے مشترکہ کوششیں کر رہے ہیں۔ نیتن یاہو کے مطابق موجودہ کارروائیوں کے نتیجے میں ایران کی فوجی اور دفاعی صلاحیتوں کو نمایاں حد تک کمزور کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کے میزائل اور ڈرون پروگرام کو بڑے پیمانے پر نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان تنصیبات کو تباہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے جو اسلحہ سازی کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔
نیتن یاہو نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران اب یورینیم افزودگی اور بیلسٹک میزائل تیار کرنے کی صلاحیت سے محروم ہو چکا ہے، تاہم انہوں نے اس بات کے حق میں کوئی شواہد پیش نہیں کیے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جوہری معاملے پر پہلے ہونے والے مذاکرات ناکام رہے، جس کے بعد فوجی کارروائیوں کا آغاز ہوا۔ ان کے مطابق اس دوران ایران کی جانب سے بھی جوابی حملے کیے گئے جن میں اسرائیل اور بعض علاقائی مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں صورتحال بھی متاثر ہوئی ہے اور تیل بردار جہازوں کی نقل و حرکت محدود ہوئی ہے۔
نیتن یاہو نے کہا کہ ایران کے اندر حکومت مخالف عوامی ردعمل کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے، اور یہ فیصلہ ایرانی عوام خود کریں گے۔
انہوں نے زمینی کارروائی کے امکانات کو رد نہیں کیا لیکن کہا کہ اس حوالے سے تفصیلات ظاہر نہیں کی جا سکتیں۔
اسرائیلی وزیراعظم نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ امریکا کو اس تنازع میں شامل کرنے کے تاثر کو مسترد کرتے ہیں اور ان کے مطابق امریکی قیادت اپنے فیصلے خود کرتی ہے۔

Leave a reply