
پاکستانی اسپنر نعمان علی نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جنوبی افریقا کے خلاف کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے کئی اہم ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔
انہوں نے لیجنڈری اسپنر عبدالقادر کا 37 سال پرانا ریکارڈ توڑتے ہوئے کیریئر کے پانچ مسلسل ٹیسٹ میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستانی باؤلر کا اعزاز حاصل کر لیا۔ نعمان علی نے اپنے 16ویں سے 20ویں ٹیسٹ میچز کے دوران مجموعی طور پر 46 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عبدالقادر نے 1987-88 کے دوران 44 وکٹیں لی تھیں۔
اس کے علاوہ نعمان علی نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں 10 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جن میں پہلی اننگز میں 6 اور دوسری اننگز میں 4 وکٹیں شامل ہیں۔
حالیہ برسوں میں نعمان علی دنیا کے کامیاب ترین اسپنرز میں شمار ہونے لگے ہیں۔ انہوں نے رواں سال ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں میں 16 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹیسٹ میں 11 اور راولپنڈی میں 9 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
مزید برآں، 39 سالہ نعمان علی اب پاکستانی تاریخ کے وہ لیفٹ آرم اسپنر بن چکے ہیں جنہوں نے سب سے زیادہ مرتبہ ایک اننگ میں پانچ یا اس سے زیادہ وکٹیں لی ہیں۔ انہوں نے یہ کارنامہ 9 مرتبہ انجام دیا ہے، جس میں تازہ ترین مثال جنوبی افریقا کے خلاف ان کی شاندار پرفارمنس ہے۔
نعمان علی کی یہ کامیابیاں نہ صرف ان کے کیریئر کی بلندی کو ظاہر کرتی ہیں بلکہ پاکستان کی اسپن باؤلنگ کی روایت کو بھی نئی زندگی دے رہی ہیں۔








