نصیرپورکےدونوں اطراف بندٹوٹنےسےدرجنوں دیہات متاثر

بہاولپور : حاصل پور کے قریب واقع علاقے نصیرپور میں مقامی بند دونوں اطراف سے ٹوٹ گئے، جس کے نتیجے میں درجنوں دیہات زیرِ آب آ گئے ہیں اور سیکڑوں ایکڑ پر محیط زرعی زمین متاثر ہوئی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق، سیلابی ریلے نے علاقے میں شدید تباہی مچائی ہے۔ ریسکیو اہلکار رات گئے تک متاثرہ دیہات میں پھنسے افراد اور ان کے مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف رہے۔
پنجاب کے مختلف دریاؤں میں سیلابی کیفیت بدستور برقرار ہے۔ دریائے چناب میں ہیڈ تریموں کے مقام پر پانی کا بہاؤ خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے، جہاں پانی کی مقدار 5 لاکھ 41 ہزار کیوسک تک پہنچ گئی ہے۔ تاہم ہیڈ مرالہ پر پانی کی آمد میں کچھ کمی دیکھی گئی ہے، جہاں بہاؤ کم ہو کر 96 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل عرفان کاٹھیا کے مطابق، دریائے چناب کا سیلابی ریلا ہیڈ تریموں سے آگے ملتان کے مقام، ہیڈ محمد والا کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ملتان کی حدود سے تقریباً 8 لاکھ کیوسک پانی گزرنے کا امکان ہے۔
علاقہ مکینوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور مقامی انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ انسانی جانوں اور مال کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔









