
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی اسپنر نشرہ سندھو نے جنوبی افریقا کے خلاف ایک روزہ میچ میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں اور کئی اہم سنگ میل عبور کر لیے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں مہمان ٹیم جنوبی افریقا 115 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ جواب میں پاکستان ویمن ٹیم نے مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 31 ویں اوور میں حاصل کر کے میچ 6 وکٹوں سے اپنے نام کر لیا۔
نشرہ سندھو نے صرف 26 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا، جو پاکستان ویمن کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی بولر کی دوسری بہترین کارکردگی ہے۔ اس سے قبل ساجدہ شاہ 2003 میں جاپان کے خلاف 7 وکٹیں حاصل کر چکی ہیں۔
اس میچ میں نشرہ نے ون ڈے کرکٹ میں اپنی 100 وکٹیں بھی مکمل کیں، اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پاکستان کی تیسری خاتون بولر بن گئیں۔ اس سے پہلے ثناء میر اور ندا ڈار یہ کارنامہ سر انجام دے چکی ہیں۔
مزید اہم بات یہ ہے کہ نشرہ سندھو نے سب سے کم یعنی 75 میچز میں 100 وکٹیں مکمل کر کے پاکستان کی تیز ترین بولر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
یہ کارکردگی نشرہ سندھو کے کیریئر کا ایک بڑا سنگ میل ہے اور پاکستان ویمن کرکٹ کے لیے ایک یادگار لمحہ بھی۔









