نانبائی رہنماؤں کی حکومت کو وارننگ: “مسئلہ حل نہ ہوا تو ملک گیر ہڑتال پر غور”

0
119
نانبائی رہنماؤں کی حکومت کو وارننگ: "مسئلہ حل نہ ہوا تو ملک گیر ہڑتال پر غور"

لاہور میں نان اور خمیری روٹی کی قیمت میں پانچ روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کے مطابق فائن آٹے کی بوری کی قیمت میں 4500 سے 5000 روپے تک اضافہ ہونے کے باعث نان اور خمیری روٹی کی نئی قیمت 30 روپے مقرر کی گئی ہے۔

دوسری جانب راولپنڈی میں آل پاکستان نانبائی ایسوسی ایشن نے 28 اکتوبر کو شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 25 سے زائد نانبائیوں کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے جبکہ انتظامیہ طاقت کے ذریعے روٹی کی قیمتیں بڑھنے سے روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔

نانبائی رہنماؤں کے مطابق گزشتہ دو ماہ میں آٹا، میدہ اور فائن آٹے کی قیمتیں دگنی ہو چکی ہیں، اس کے باوجود حکومت کی جانب سے کوئی سبسڈی فراہم نہیں کی جا رہی۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر آٹا مہنگا ملے گا تو روٹی سستی بیچنا ممکن نہیں۔

ایسوسی ایشن نے الزام لگایا کہ آٹا مہنگا کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی، جبکہ نانبائیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، تندور سیل کیے جا رہے ہیں اور مزدوروں کا روزگار متاثر ہو رہا ہے۔ نانبائیوں نے اعلان کیا ہے کہ احتجاجاً 28 اکتوبر کو راولپنڈی کے تمام تندور بند رہیں گے۔

Leave a reply