نادرا میں بھرتیاں، نئے دفاتر کے لیے مختلف اضلاع میں پلاٹس خریدنے کا فیصلہ

کراچی: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے بھرتیوں کے ایک نئے مرحلے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت سندھ کے مختلف اضلاع میں نئے دفاتر قائم کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے متعدد مقامات پر پلاٹس خریدے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق نادرا کراچی کے پانچ اضلاع اور اندرون سندھ کے 9 دیگر اضلاع کے لیے تقریباً 200 جونیئر ایگزیکٹو (ڈیٹا انٹری آپریٹرز) کی بھرتی کرے گی۔ امیدواروں کے لیے تعلیمی قابلیت کم از کم انٹرمیڈیٹ مقرر کی گئی ہے جبکہ عمر کی بالائی حد 25 سال ہوگی۔ ان بھرتیوں کے لیے واک اِن انٹرویوز کا آغاز 3 نومبر سے کیا جائے گا۔
نادرا جن اضلاع میں دفاتر کے قیام کے لیے پلاٹس خریدنے جا رہی ہے، ان میں میرپور خاص، میرپور ساکرو، کوٹری، مٹیاری، چھاچھرو، جھڈو، میرپور ٹھورو، ٹنڈو الہیار، جامشورو، ٹھٹہ اور سجاول شامل ہیں۔
نادرا کی اس پیش رفت کا مقصد عوام کو مقامی سطح پر سہولیات کی فراہمی بہتر بنانا اور عملے کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔









