
حکومت نے نئے سال کے آغاز پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر دی ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق آج رات 12 بجے کے بعد ہو گا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے 28 پیسے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول 253 روپے 17 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 8 روپے 57 پیسے فی لیٹر کمی کر دی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 257 روپے 8 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق قیمتوں میں کمی کا فیصلہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور ملکی معاشی صورتحال میں بہتری کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات سستی ہونے سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں کمی آئے گی، جس سے مہنگائی پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔
عوامی حلقوں نے حکومتی فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں مزید معاشی ریلیف فراہم کیا جائے گا۔









