
میٹا نے اپنی طویل تحقیق کے بعد دنیا کا پہلا ڈسپلے سے لیس اے آئی اسمارٹ گلاسز متعارف کرادیے ہیں، جو اگیومینٹڈ رئیلٹی ٹیکنالوجی پر مبنی ہیں۔ کمپنی نے اس ڈیوائس کو “میٹا رے بین ڈسپلے” کا نام دیا ہے، جو ایک جدید ٹیکنالوجی کا حامل ہے اور ہاتھوں کے اشاروں سے کنٹرول کی جا سکتی ہے۔
مارک زکربرگ نے ایونٹ میں اس نئی ڈیوائس کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اسمارٹ گلاسز نہ صرف دیکھنے میں معمولی ہیں، بلکہ ان میں ایک ہائی ریزولوشن ڈسپلے بھی شامل ہے، جسے میٹا کے نیورل بینڈ بریسلیٹ کے ذریعے کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ یہ نیورل بینڈ الیکٹرومائیو گرافی ٹیکنالوجی پر کام کرتا ہے، جو صارف کی ہاتھوں کی حرکات کو محسوس کرتا ہے۔
نئے اسمارٹ گلاسز کی سب سے اہم خصوصیت یہ ہے کہ اسکرین باہری دنیا کے نظارے میں رکاوٹ نہیں ڈالتا اور استعمال نہ ہونے پر غائب ہو جاتا ہے۔ صارفین اس ڈسپلے پر ویڈیوز دیکھ سکتے ہیں یا ٹیکسٹ میسجز کا جواب دے سکتے ہیں۔
یہ اسمارٹ گلاسز 799 ڈالرز کی قیمت پر ستمبر کے آخر میں فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی میٹا نے دو دیگر اسمارٹ گلاسز بھی متعارف کرائے ہیں: ایک اوکلے میٹا وان گارڈ جو ایڈونچر کھیلوں کے لیے بنایا گیا ہے، اور دوسرا رے بین میٹا اسمارٹ گلاسز کا اپ ڈیٹڈ ورژن۔
2024 کے آغاز میں مارک زکربرگ نے کہا تھا کہ اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس اسمارٹ گلاسز مستقبل کا ٹرینڈ بنیں گے اور یہ دنیا بھر میں کروڑوں افراد کی زندگی کا حصہ بنیں گے۔
میٹا نے 2021 میں اپنے اولین اسمارٹ گلاسز رے بین کے اشتراک سے تیار کیے تھے، اور ان میں مستقبل میں ہولوگرافک ڈسپلے کی صلاحیت اور کیمرہ سنسرز شامل کرنے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں تاکہ صارفین آسانی سے ویڈیوز ریکارڈ اور شیئر کر سکیں۔