میسی کو اننت امبانی کی جانب سے لگژری گھڑی کا تحفہ

بھارت کے معروف کاروباری خاندان سے تعلق رکھنے والے اننت امبانی نے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کو ایک قیمتی اور نایاب گھڑی بطور تحفہ پیش کی ہے، جس کی مالیت تقریباً 13 لاکھ امریکی ڈالر بتائی جا رہی ہے، جو پاکستانی کرنسی میں لگ بھگ 36 کروڑ 40 لاکھ روپے بنتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تحفہ میسی کے حالیہ بھارت کے دورے کے موقع پر دیا گیا۔ جس گھڑی کا تحفہ پیش کیا گیا وہ دنیا کی نایاب گھڑیوں میں شمار ہوتی ہے، کیونکہ اس کے صرف 12 نمونے عالمی سطح پر تیار کیے گئے ہیں۔
اس گھڑی میں بلیک کاربن فائبر سے تیار کردہ کیس اور اسکیلیٹن ڈائل شامل ہے، جس کے ذریعے گھڑی کا اندرونی میکانزم واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ قیمتی گھڑی کے منفرد ڈیزائن نے گھڑیوں کے شوقین افراد کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
لیونل میسی کی اس گھڑی کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہی ہیں، جہاں مداح اس تحفے کو لگژری اور خاص قرار دے رہے ہیں۔









