موموز کی لت یا جرم کی ابتدا؟ 14 سالہ لڑکا گھر کا سونا اسٹریٹ فوڈ پر لٹا بیٹھا

0
67
موموز کی لت یا جرم کی ابتدا؟ 14 سالہ لڑکا گھر کا سونا اسٹریٹ فوڈ پر لٹا بیٹھا

بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ضلع دیوریا میں ایک غیر معمولی واقعہ سامنے آیا ہے جہاں 14 سالہ لڑکے نے پسندیدہ کھانے کی خاطر گھر سے قیمتی زیورات چرا لیے۔ پولیس کے مطابق لڑکا موموز کھانے کا عادی ہوچکا تھا اور اسی شوق کو پورا کرنے کے لیے وہ گھر سے آہستہ آہستہ سونے کے زیورات نکالتا رہا۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ لڑکا یہ زیورات اپنے علاقے میں موجود ایک مومو فروش کو دے دیتا تھا اور اس کے بدلے روزانہ موموز حاصل کرتا تھا۔ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب گھر میں رکھے گئے زیورات اچانک غائب پائے گئے۔ اہلِ خانہ نے جب پوچھ گچھ کی تو لڑکے نے سچ بیان کر دیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ موموز فروش کی تلاش جاری ہے تاکہ زیورات کی مکمل تفصیلات اور مالیت معلوم کی جا سکے۔ پولیس کے مطابق تمام پہلوؤں سے معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔
مومو ایک مشہور اسٹریٹ فوڈ ہے جو شمالی بھارت، نیپال اور تبت میں بڑے شوق سے کھایا جاتا ہے۔ یہ آٹے سے تیار کی گئی ڈمپلنگ ہوتی ہے جس میں سبزیاں، پنیر یا گوشت بھرا جاتا ہے اور عموماً بھاپ میں پکا کر یا تل کر پیش کی جاتی ہے۔
ماہرین نفسیات کا کہنا ہے کہ بچوں میں کسی خاص چیز کی حد سے زیادہ خواہش وقت کے ساتھ عادت یا لت میں بدل سکتی ہے۔ جب کوئی خواہش بچے کے رویے اور فیصلوں پر حاوی ہو جائے تو وہ صحیح اور غلط میں فرق کرنا بھول سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق والدین کی توجہ، بروقت نگرانی اور مثبت رہنمائی بچوں کو اس طرح کے نقصان دہ رویوں سے بچا سکتی ہے اور ان کی توانائی کو بہتر سمت میں استعمال کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔

Leave a reply