موبائل صارفین ہوشیار! غیر فعال سم مستقل طور پر ضائع ہو سکتی ہے

0
110
موبائل صارفین ہوشیار! غیر فعال سم مستقل طور پر ضائع ہو سکتی ہے

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے موبائل فون صارفین کو آگاہ کیا ہے کہ وہ سم کارڈز جو طویل عرصے تک استعمال میں نہ رہیں، انہیں بند کیا جا سکتا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق اگر کسی موبائل سم پر 180 دن تک نہ کال کی جائے، نہ پیغام بھیجا جائے اور نہ ہی موبائل انٹرنیٹ استعمال ہو تو ایسی سم کو غیر فعال سمجھا جائے گا۔ اس صورت میں متعلقہ ٹیلی کام کمپنی کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ نمبر بند کر کے کسی دوسرے صارف کو دوبارہ جاری کر دے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ایک بار نمبر نئے صارف کے نام پر منتقل ہو جائے تو سابق صارف اس پر کسی قسم کا قانونی حق یا دعویٰ نہیں کر سکتا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ اگر کوئی صارف کسی وجہ سے عارضی طور پر اپنی سم استعمال کرنے کے قابل نہیں تو وہ متعلقہ موبائل کمپنی کو درخواست یا ای میل کے ذریعے مخصوص مدت کے لیے نمبر محفوظ رکھنے کی درخواست دے سکتا ہے۔
اتھارٹی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ مسائل سے بچنے کے لیے اپنی موبائل سمز کو وقتاً فوقتاً استعمال میں رکھتے رہیں۔

Leave a reply