“منفی کرداروں کا سلطان زندگی کی اصل جنگ خاموشی سے لڑتا رہا

0
45

پاکستانی فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار اور پروڈیوسر شفقت چیمہ کے اہل خانہ نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اداکار کی بیماری کو میڈیا اور عوام سے اس لیے پوشیدہ رکھا تاکہ ان کی مضبوط شخصیت کا تاثر برقرار رہے۔

شفقت چیمہ، جو کئی دہائیوں تک پاکستانی فلموں میں منفی کرداروں میں جلوہ گر ہوتے رہے، گزشتہ سال ایک اسٹروک کا شکار ہوئے جس کے بعد وہ معذوری کا سامنا کر رہے ہیں۔ تاہم، اس مشکل وقت میں ان کے خاندان نے ان کی صحت سے متعلق تفصیلات کو عوامی سطح پر ظاہر نہیں کیا۔

اداکار کے بیٹے نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ “ہم سب کے لیے والد صاحب ایک طاقتور شخصیت ہیں، اور ہم چاہتے تھے کہ ان کے مداح انہیں ویسا ہی یاد رکھیں جیسا وہ ہمیشہ سے نظر آئے۔ ہماری بہنیں، جو بیرون ملک مقیم ہیں، فوری طور پر پاکستان آئیں اور ہم سب نے مل کر فیصلہ کیا کہ والد کی بیماری کو میڈیا میں نہ لایا جائے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ مشکل وقت میں خاندان کی اہمیت سب سے بڑھ کر ہوتی ہے۔ “ہم نے والد کو اتنا پیار دیا کہ وہ اپنے دکھ بھول گئے۔” اس موقع پر انہوں نے اداکارہ ریما خان کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا، جنہوں نے شفقت چیمہ کی صحت کے حوالے سے مسلسل رابطے میں رہ کر ان کا حوصلہ بڑھایا۔

ریما خان، جو کہ ایک معروف اداکارہ ہیں، اپنے شوہر کے ہمراہ شفقت چیمہ کی عیادت کے لیے آئیں اور روزانہ فون کے ذریعے ان کی خیریت دریافت کرتی رہیں۔

شفقت چیمہ نے اپنے 35 سالہ فلمی کیریئر میں درجنوں فلموں اور ڈراموں میں یادگار کردار نبھائے۔ ان کی مقبول فلموں میں ”کالے چور“، ”گاڈ فادر“، ”منڈا بگرا جائے“، ”چوڑیاں“، اور ”ہاتھی میرا ساتھی“ شامل ہیں۔ جبکہ ٹی وی ڈراموں میں ”خدا اور محبت“، ”اشک“، اور ”ہیر رانجھا“ میں ان کی اداکاری کو بھی سراہا گیا۔

Leave a reply