ملک بھر میں بجلی کا یکساں ٹیرف نافذ کرنے کی منظوری

0
69
ملک بھر میں بجلی کا یکساں ٹیرف نافذ کرنے کی منظوری

ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے یکساں بجلی ٹیرف نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے وفاقی حکومت کی درخواست منظور کرتے ہوئے اس حوالے سے اپنا فیصلہ جاری کر دیا ہے۔
نیپرا کے مطابق کے الیکٹرک اور تمام ڈسکوز کے صارفین کے لیے ایک ہی بنیادی بجلی ٹیرف لاگو ہوگا، جب کہ ملک بھر میں صارفین کے لیے بنیادی ٹیرف کی موجودہ ساخت برقرار رکھی گئی ہے۔ اتھارٹی نے اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا ہے، جس کے بعد حکومت کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
نیپرا کی جانب سے یکساں ٹیرف کی درخواست پر سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ جاری کیا گیا، جس کے مطابق نئے بجلی ٹیرف کا اطلاق یکم جنوری 2026 سے ہوگا۔
فیصلے کے تحت گھریلو صارفین کے لیے زیادہ سے زیادہ بجلی ٹیرف 47.69 روپے فی یونٹ برقرار رکھا گیا ہے۔ پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے ماہانہ 1 سے 100 یونٹ تک ٹیرف 10.54 روپے اور 101 سے 200 یونٹ تک 13.01 روپے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے۔
نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کے لیے 1 سے 100 یونٹ تک بجلی کا ٹیرف 22.44 روپے، 101 سے 200 یونٹ تک 28.91 روپے، 201 سے 300 یونٹ تک 33.10 روپے اور 301 سے 400 یونٹ تک 37.99 روپے فی یونٹ برقرار رکھا گیا ہے۔
اسی طرح 401 سے 500 یونٹ تک بجلی کا ٹیرف 40.22 روپے، 501 سے 600 یونٹ تک 41.62 روپے، 601 سے 700 یونٹ تک 42.76 روپے اور 700 یونٹ سے زائد استعمال پر 47.69 روپے فی یونٹ وصول کیے جائیں گے۔
لائف لائن صارفین کے لیے بھی موجودہ نرخ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے مطابق ماہانہ 50 یونٹ تک بجلی 3.95 روپے اور 51 سے 100 یونٹ تک 7.74 روپے فی یونٹ فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ نیپرا نے سال 2026 کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 62 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری بھی دی تھی، جس کا اطلاق یکساں ٹیرف کے تحت کیا جائے گا۔

Leave a reply