ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، فیلڈ مارشل عاصم منیر

0
63
ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، فیلڈ مارشل عاصم منیر

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی سرحدی سالمیت، قومی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ کے معاملے میں کسی قسم کی نرمی یا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ بیرونی پشت پناہی رکھنے والی دہشتگردی اور مختلف نوعیت کے سیکورٹی چیلنجز کے باوجود پاک فوج پوری ثابت قدمی کے ساتھ ملک کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی 27 ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکا نے جنرل ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری قومی اقدامات، منشیات کی اسمگلنگ اور منظم جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ سرحدی نگرانی کو مضبوط بنانے اور غیر قانونی غیر ملکی شہریوں کی واپسی کے عمل سے متعلق تازہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

خطاب میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ انٹیلی جنس ادارے اور قانون نافذ کرنے والے محکمے قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خطے کی بدلتی صورت حال، جیوپولیٹیکل مقابلہ، سرحد پار دہشتگردی اور ہائبرڈ جنگی حربے پاکستان کے لیے مسلسل چیلنجز پیدا کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی اہم جغرافیائی حیثیت کے مطابق عالمی برادری میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ ان کے مطابق پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم نے عالمی سطح پر ملک کے وقار میں اضافہ کیا ہے، جبکہ قومی اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یہ بھی کہا کہ فوج کی اولین ترجیح ملک کا دفاع اور ہر شہری کی حفاظت ہے، اور قوم کے دشمنوں کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار امن و ترقی کے لیے قومی یکجہتی اور اداروں میں موثر ہم آہنگی ناگزیر ہے۔

Leave a reply