مطیع اللہ جان کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا

0
236
مطیع اللہ جان کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا

ہاٹ لائن نیوز : گرفتار صحافی مطیع اللہ جان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پراسیکیوٹر کی 30 روزہ ریمانڈ کی استدعا پر عدالت نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا جس کے مطابق انکا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔

کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔ پراسیکیوٹر راجہ نوید عدالت میں پیش ہوئے جب کہ مطیع اللہ جان کیجانب سے ایڈووکیٹ فیصل چوہدری پیش ہوئے۔

پراسیکیوٹر کیجانب سے صحافی مطیع اللہ جان کے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ ایڈووکیٹ فیصل چوہدری نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مشاورت کے لیے کچھ وقت دیا جائے۔

عدالت نے مطیع اللہ جان کے 30 روزہ ریمانڈ کی درخواست پر فریقین کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ یاد رہے کہ صحافی مطیع اللہ جان پر پولیس پر تشدد، اسلحہ چھیننے اور منشیات رکھنے کا الزام ہے۔

گزشتہ رات اسلام آباد پولیس نے صحافی مطیع اللہ جان کو ای نائن چیک پوسٹ سے گرفتار کر لیا۔ ایف آئی آر کے متن کیمطابق مطیع اللہ کی گاڑی کو رات کو اسلام آباد پل پر رکنے کی ہدایت کی گئی۔ گاڑی کی ٹکر سے ڈیوٹی پر موجود کانسٹیبل مدثر زخمی ہوگیا۔ مطیع اللہ جان نے سرکاری اسلحہ چھین کر نوجوان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی۔

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا کہ ملزم نشے میں تھا۔ ملزم کی گاڑی سے آئس بھی برآمد ہوئی ہے۔ ملزم کو تھانہ مارگلہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

Leave a reply