مصری وزیر خارجہ پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

0
111
مصری وزیر خارجہ پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

اسلام آباد: مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبد العاطی رسمی دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ اتوار کو اسلام آباد آمد پر انہوں نے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ دورے کا مقصد دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانا اور غزہ میں امن و استحکام کے لیے تعاون پر بات چیت کرنا ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور مصر کے دیرینہ دوستانہ تعلقات، بھائی چارے اور مشترکہ اہداف پر تبادلہ خیال کیا۔ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان غزہ میں قیام امن کے لیے مجوزہ انٹرنیشنل سٹیبلائزیشن فورس میں شامل ہونے کے لیے تیار ہے، تاہم حماس کو غیر مسلح کرنے کے عمل میں پاکستان حصہ نہیں لے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ ذمہ داری فلسطینی انتظامیہ اور ان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ دورہ مشترکہ اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے معیشت، دفاع اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا۔

مصری وزیر خارجہ بدر احمد محمد نے پاکستان میں شاندار میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے پشاور میں حالیہ دہشت گرد حملوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امن و سلامتی کے لیے تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

Leave a reply