مشروم مرڈر کیس: خاتون کو 33 سال قید کی سزا

0
188
مشروم مرڈر کیس: خاتون کو 33 سال قید کی سزا

میلبورن: آسٹریلیا میں ایک خاتون کو تین افراد کو زہریلے مشروم کھلا کر قتل کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ عدالت کے فیصلے کے مطابق، مجرمہ کو کم از کم 33 سال قید کاٹنے کے بعد ہی رہائی کی درخواست دینے کا حق حاصل ہوگا۔

یہ واقعہ 2023 میں پیش آیا جب ایرن پیٹرسن نامی خاتون نے اپنے سابق شوہر کے خاندان کے افراد کو دعوت پر بلا کر ایسا کھانا پیش کیا جس میں مہلک مشروم شامل تھے۔ اس واقعے میں خاتون کے ساس، سسر اور ایک اور قریبی رشتہ دار جاں بحق ہو گئے تھے، جب کہ ایک شخص کو شدید حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

اس واقعے نے پورے ملک میں تشویش کی لہر دوڑا دی تھی اور “مشروم مرڈر” کے نام سے عالمی میڈیا میں سرخیوں کی زینت بنا رہا۔ کئی ماہ کی عدالتی کارروائی اور تحقیقات کے بعد، رواں سال جولائی میں عدالت نے ایرن پیٹرسن کو قصوروار قرار دیا تھا۔

آج عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے 50 سالہ مجرمہ کو عمر قید کی سزا سنائی، جس کے مطابق وہ 33 سال قید مکمل کرنے سے پہلے ضمانت یا رہائی کی اہل نہیں ہوں گی۔

اس مقدمے کو بین الاقوامی سطح پر بھی بڑی دلچسپی سے دیکھا گیا، اور ماہرین نے اسے جدید دور کے سنگین ترین گھریلو جرائم میں سے ایک قرار دیا ہے۔

Leave a reply