مشرقِ وسطیٰ جنگ کے دہانے پر! ایران کے میزائل حملوں سے خطہ لرز اٹھا

مشرقِ وسطیٰ جنگ کے دہانے پر! ایران کے میزائل حملوں سے خطہ لرز اٹھا
مشرقِ وسطیٰ میں امریکا اور اسرائیل کی مشترکہ فضائی کارروائی کے بعد خطے کی صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی ہے، جبکہ ایران کی جانب سے مختلف مقامات پر میزائل داغے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق قطر میں قائم العبید ایئر بیس کے قریب زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد ایمرجنسی سائرن بجا دیے گئے۔ قطری حکام نے شہریوں کو فوجی تنصیبات سے دور رہنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی، جبکہ موبائل فون الرٹس بھی جاری کیے گئے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق قطری میزائل دفاعی نظام نے داغے گئے میزائلوں کو فضا میں ناکام بنا دیا۔
رپورٹس کے مطابق بحرین میں موجود امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کے ہیڈکوارٹر کو بھی میزائل حملے کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔
خبر رساں ادارہ روئٹرز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی اور دبئی میں بھی دھماکوں کی اطلاعات ملی ہیں۔ اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ متعدد میزائلوں کو روک لیا گیا تاہم ایک واقعے میں ایک شخص ہلاک ہوا۔
اسی دوران سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں بھی دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاعات ہیں، جبکہ کویت میں سائرن بجائے جانے اور دفاعی نظام کے فعال ہونے کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ کویتی حکام کے مطابق میزائلوں کو فضا میں تباہ کر دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق قطر، کویت اور متحدہ عرب امارات نے عارضی طور پر اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔
ایرانی خبر ایجنسی فارس نیوز ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ قطر میں العبید، کویت میں ال سالم، متحدہ عرب امارات میں الظفرہ ایئربیس اور بحرین میں پانچویں بیڑے کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
ایک سینئر ایرانی عہدیدار نے الجزیرہ سے گفتگو میں اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا ردعمل عوامی اور وسیع ہوگا، اور خطے میں موجود امریکی و اسرائیلی مفادات کو ہدف بنایا جا سکتا ہے۔ ان کے بقول حالیہ کارروائی کے بعد صورتحال نئی سطح پر داخل ہو چکی ہے اور آئندہ اقدامات پیچیدہ اور طویل المدتی ہو سکتے ہیں۔
تاحال امریکا، اسرائیل یا متعلقہ ممالک کی جانب سے ان تمام دعوؤں کی مکمل سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی، جبکہ خطے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔









