
پاکستان رائٹس موومنٹ کے سربراہ اور سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران خیبر سے کراچی تک غزہ مارچ کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ مارچ کا آغاز 29 مارچ سے ہوگا۔
مشتاق احمد خان نے امریکہ اور اسرائیل کے اقدامات کی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی میں امریکہ اور اسرائیل کی شکست ہو چکی ہے۔ انہوں نے مسجد اقصیٰ کے رمضان میں بند ہونے کو بھی افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ یہ واقعہ مسلمانوں کے لیے تشویشناک ہے۔
انہوں نے غزہ میں انسانی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً تین لاکھ بچے شہید ہو چکے ہیں اور اسرائیل بھوک کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ ان کے مطابق، 72 ہزار ٹرک امدادی سامان غزہ میں جانے تھے لیکن صرف 30 ہزار ہی پہنچ سکے۔
مشتاق احمد خان نے غزہ پیس بورڈ پر بھی تنقید کی اور کہا کہ پاکستان کو فوری طور پر اس سے الگ ہونا چاہیے۔ انہوں نے ایران کے ساتھ کھڑا ہونے اور افغانستان کے ساتھ تعلقات کو نارمل کرنے پر زور دیا۔









