مس یونیورس کے سربراہ گرفتار، شریک مالک کے خلاف وارنٹ جاری

0
49
مس یونیورس کے سربراہ گرفتار، شریک مالک کے خلاف وارنٹ جاری

تھائی لینڈ کی جنوبی بنکاک کی عدالت نے مشہور میڈیا ٹائیکون اور مس یونیورس کی شریک مالک این جکاپونگ جکرا جتاتیپ کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ یہ کارروائی مبینہ طور پر 9 لاکھ 30 ہزار ڈالر کے فراڈ کے الزام کے تحت کی گئی، جس میں ایک پلاسٹک سرجن نے الزام لگایا کہ 2023 میں انہیں کمپنی میں سرمایہ کاری کے لیے دھوکا دیا گیا اور اہم معلومات چھپائی گئیں۔

عدالت نے بتایا کہ این جکاپونگ نے جان بوجھ کر مدعی کو سرمایہ کاری کی پیشکش کی، حالانکہ وہ خود اس بات سے بخوبی آگاہ تھیں کہ مقررہ وقت پر رقم واپس کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتیں۔ عدالت میں غیر حاضری کے بعد ان کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے، تاہم اب تک گرفتاری کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

دوسری جانب، مس یونیورس کے صدر راؤل روچا پر منشیات کی اسمگلنگ، اسلحہ کی فراہمی اور غیر قانونی تیل کی تقسیم کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ میکسیکو میں ہونے والی تحقیقات کے مطابق، یہ الزامات ایک پیچیدہ بین الاقوامی جرائم کے نیٹ ورک سے منسلک ہیں جو میکسیکو اور گواٹی مالا میں سرگرم تھا۔ گرفتاری کے وارنٹ جاری ہونے کے بعد راؤل روچا نے گواہ بننے کا معاہدہ کیا ہے، اور قانونی ماہرین کے مطابق اگر وہ اپنے شریک مجرموں کے خلاف تعاون کریں تو انہیں سزاؤں میں نرمی مل سکتی ہے۔

مس یونیورس 2025 کا ایونٹ بھی پہلے ہی تنازعات کی زد میں تھا۔ فائنل میں مس میکسیکو، فاطمہ بوش، کی جیت کے بعد کچھ مقابلہ کنندگان نے بائیکاٹ کا اعلان کیا، جبکہ ایگزیکٹو اور فاتمہ کے درمیان جھگڑا بھی منظر عام پر آیا۔ اس دوران ایک جج نے بھی الزام لگایا کہ فائنلسٹ پہلے سے منتخب کیے جا چکے تھے، جس کے بعد انہوں نے استعفیٰ دے دیا۔

ماہرین کے مطابق، راؤل روچا کے خلاف قانونی کارروائی اور این جکاپونگ کے وارنٹ گرفتاری کے بعد مس یونیورس کے برانڈ کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور ایونٹ کے مستقبل پر سوالات پیدا ہو سکتے ہیں۔

Leave a reply