مسلمانوں کے خلاف نفرت ناقابلِ قبول ہے، اس کا سختی سے مقابلہ کریں گے: برطانوی وزیراعظم

برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے واضح کیا ہے کہ ملک میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتی نفرت اور امتیازی رویے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ ہاؤس آف کامنز میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسلاموفوبیا اور نسل پرستی برطانوی معاشرے کی اقدار کے منافی ہیں اور حکومت ان کے خلاف موثر حکمتِ عملی پر کام کر رہی ہے۔
وزیراعظم کے مطابق مسلم کمیونٹی کو درپیش خطرات کے پیش نظر مساجد اور مسلم تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کے لیے فنڈز میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان اقدامات کا مقصد نفرت پر مبنی واقعات کی نگرانی کو بہتر بنانا اور متاثرہ افراد کو بروقت مدد فراہم کرنا ہے۔
سر کیئر اسٹارمر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی بھی شہری کے خلاف تعصب اور نفرت انگیزی برداشت نہیں کی جائے گی اور ایک محفوظ، منصفانہ اور باہمی احترام پر مبنی معاشرہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔









