مری میں شدید برفباری، تمام داخلی راستے بند، ریسکیو آپریشن جاری

0
89
مری میں شدید برفباری، تمام داخلی راستے بند، ریسکیو آپریشن جاری

مری میں ایک بار پھر شدید اور مسلسل برفباری کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔ بھاری برف پڑنے سے سڑکیں شدید پھسلن کا شکار ہیں جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد سے مری جانے والے تمام داخلی راستے عارضی طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق برف میں پھنسی گاڑیوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، جس میں ریسکیو 1122، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر ادارے مشترکہ طور پر حصہ لے رہے ہیں۔ مواصلاتی نظام متاثر ہونے کے باعث بعض علاقوں میں رابطوں میں مشکلات بھی پیش آ رہی ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ برف میں پھنسے سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ انہیں خوراک، طبی سہولیات اور گرم کمبل فراہم کیے جا رہے ہیں۔ مری میں برف کی موٹائی بعض مقامات پر دو فٹ تک پہنچ چکی ہے اور تمام دستیاب مشینری سڑکوں کی بحالی کے لیے استعمال کی جا رہی ہے۔
ضلعی حکام کے مطابق سیاحوں کی تعداد گنجائش سے زیادہ ہونے کے باعث مزید گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور جاری ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔
دوسری جانب مری، کشمیر اور گلگت بلتستان کے برف متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی جانب سے بھی ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے، جہاں فوجی جوان برف میں پھنسی گاڑیوں سے افراد کو نکال کر محفوظ مقامات تک پہنچا رہے ہیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے مری، گلیات اور گردونواح میں شدید برفباری کے بعد الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ادارے کے مطابق آئندہ دنوں میں مزید بارش اور برفباری کا امکان ہے جبکہ صوبے کے مختلف میدانی علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق مری جانے والے دونوں مرکزی راستے تاحال بند ہیں اور ٹریفک کو متبادل راستوں سے واپس موڑا جا رہا ہے۔ پولیس اور انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مری کا سفر مؤخر کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ ہیلپ لائنز سے رابطہ کریں۔

Leave a reply