مردان: ماربل کان میں لینڈ سلائیڈنگ، 9 مزدور جاں بحق

0
68
مردان: ماربل کان میں لینڈ سلائیڈنگ، 9 مزدور جاں بحق

خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں ماربل کی کان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔ رستم کے علاقے میں واقع کان میں دھماکے کے بعد مٹی کا تودہ گرنے سے کئی مزدور ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کے فوراً بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ اب تک 11 مزدوروں کو ملبے سے نکالا جا چکا ہے، جن میں 9 جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہیں۔ زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک مزدور تاحال لاپتہ ہے، جس کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔ مزید ریسکیو ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ چکی ہیں اور کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہیں تاکہ لاپتہ شخص کو جلد از جلد تلاش کیا جا سکے۔
حکام کے مطابق گزشتہ روز سے جاری اس آپریشن میں تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جائے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کان کنی کے شعبے میں سیفٹی پروٹوکول پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

Leave a reply