مدینہ میں عمرہ زائرین کی بس آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی؛ متعدد افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات

مدینہ منورہ میں مکہ سے مدینہ جانے والی عمرہ زائرین کی ایک بس کو پیر کی صبح ایک آئل ٹینکر سے پیش آنے والے حادثے کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد دونوں گاڑیوں میں شدید آگ بھڑک اُٹھی۔ عرب ذرائع کے مطابق بس میں بھارت کی ریاست تلنگانہ، شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے 42 افراد سوار تھے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔
حادثے کے بعد آگ لگنے کے باعث بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ ریسکیو ٹیمیں موقع پر امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اب تک سعودی حکام کی جانب سے ہلاکتوں کی مصدقہ تعداد جاری نہیں کی گئی۔
بھارتی رکنِ پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ان کے پاس موصول ہونے والی ابتدائی معلومات کے مطابق واقعے میں 41 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، تاہم سرکاری تصدیق کا انتظار ہے۔
حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ اداروں نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔









