مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری، ندی نالوں میں طغیانی، نشیبی آبادیاں زیرِ آب

ملک کے مختلف حصوں میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہونے سے متاثرہ آبادیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
دریائے ستلج میں گنڈاسنگھ والا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب جاری ہے، جس کے باعث قریبی دیہات خالی کرانے کا عمل جاری ہے۔ تربیلا ڈیم 100 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 81 فیصد تک بھر چکے ہیں۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے ستلج کے علاوہ راوی، چناب اور دیگر دریاؤں میں بھی پانی کی سطح بلند ہے۔ بعض مقامات پر اونچے اور درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے۔
پنجاب کے مختلف شہروں بشمول چنیوٹ، شیخوپورہ اور جہلم میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی پانی نے نشیبی علاقوں کو متاثر کیا ہے۔ مسلسل بارش کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق صوبے میں اب تک کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن کیا گیا ہے، جس میں سینکڑوں کشتیاں اور ہزاروں اہلکار شریک ہیں۔ پاک فوج بھی امدادی کارروائیوں میں سرگرم ہے۔
آزاد کشمیر کے علاقے باغ میں نالہ ماہل میں طغیانی کے بعد قریبی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور دیگر علاقوں میں مزید بارش کا امکان ہے۔